فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پشاور میں عالمی معیار کا جم کھول دیا

پشاور: پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پشاور میں عالمی معیار کا جم کھول دیا جس میں نوجوان کھلاڑیوں کی فٹنس و تربیت کے لیے جدید طریقے متعارف کرائے جائیں گے ۔ جم کے فزیکل ٹرینرز ثاقب خان اور ذاکر خان ہونگے خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسف زئی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان رضوان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ہمراہ جم کا افتتاح کیا جس میں عالمی معیار کی مشینیں اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔جس میں نوجوان کھلاڑیوں کی فٹنس اور تربیت کے لیے جدید طریقے متعارف کرائے گئے ہیں۔ جس سے فٹنس کے شوقین نوجوان بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔صوبائی وزیر محنت نے دونوں مایہ نازکرکٹرز کے ہمراہ جم کے مختلف حصے دیکھے۔ شوکت یوسف زئی نے پشاور شہر میں عالمی معیار کا جم قائم کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ شاہین آفریدی کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور شہر کو اس کی ضرورت تھی۔ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل سطح پر سپورٹس کمپلیکسز کا قیام اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جس سے صوبے کے لاکھوں نوجوان استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں شاہین رن فار لائف فٹنس کلب کا قیام اچھا اقدام ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے سرکاری سطح کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سطح پر بھی اسکی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں میں موجودہ ٹیلنٹ کو ابھار کر عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حیات آباد پشاور اور مردان میں عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس قائم کئے ہیں، جس میں ہر قسم کے جدید آلات نصب ہیں۔ جبکہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زمیں بھی جدید خطوط پر عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس قائم کئے گئے ہیں۔اس موقع صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ شاہین فٹنس کلب میں تمام کھلاڑیوں کی ہر قسم کی پروفیشنل ٹریننگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ اور سٹیٹ آف دی آرٹ آلات نصب کئے گئے ہیں