بنوں: امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج اور پولیس کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ملک شاہ محمد وزیر

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر نے کہا ہے کہ بنوں میں امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج، پولیس اورمقامی انتظامیہ جو کوششیں کررہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جانی خیل منڈی کے مقام پر منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر بنوں شوکت علی یوسفزئی،ریجنل پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر زبیر احمد نیازی اور ڈی پی او کے علاوہ تمام محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔کھلی کچہر ی میں علاقے کے لوگوں نے کھل کراپنے مسائل بیان کئے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک شاہ محمد نے کہا کہ علاقہ جانی خیل وزیر کے عوام نے گذشتہ ادوار میں بدامنی کی وجہ سے جوتکالیف برداشت کی اس سے کوئی بھی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا۔انہوں نے مزید کہاکہ اب ان لوگوں کے دکھوں اورتکالیف پرمرہم رکھنے کا وقت ہے جس سے حکومت پوری طرح آگاہ ہے اور علاقے کے ترقی کیلئے میں بحیثیت آپ کا نمائندہ ہونے کے تمام کوششیں اور وسائل بروئے کارلارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں آپ کے بھائی کی حیثیت سے آیا ہوں اوریہ توقع کرتاہو کہ علاقے کے امن اورتیز تر ترقی کیلئے آپ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے حاضرین کویقین دلایا کہ میں نے آج تک اپنی بساط سے بڑھ کرعلاقہ جانی خیل کی ترقی کیلئے کام کیا ہے اورآئند بھی اس سلسلے میں کوئی بھی کسر نہیں چھوڑ وں گا۔اسی طرح علاقے میں آب پاشی کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے 14 کروڑ سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ علاقے کے سب سے بڑ ے منصوبے شکتوئی ڈیم کیلئے جلد سروے کا کام شروع کردیاجائے گا۔انہوں نے اس موقع پراعلان کیا کہ تحصیل جانی خیل کے قیام کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کیلئے فوری طورپرجانی خیل منڈی میں تحصیلدار بمعہ متعلقہ عملے تعینات کردیاجائے گا اور صوبائی حکومت کی معیار پر پورا ترنے کی صورت میں مکمل تحصیل کا قیام عمل لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کے آمد ورفت کے سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے باران ڈیم پراجیکٹ میں بھی 40 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ علاقہ جانی خیل میں 32 کلومیٹر سڑکوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے منصوبوں پر کام شروع ہے جبکہ ولی نور روڈ کی منظوری دی جاچکی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ علاقہ جانی خیل میں آبنوشی کے 8 منصوبے بھی منظورکئے جاچکے ہیں اسی طرح شعبہ تعلیم میں تین نئے پرائمری سکولوں سمیت موجودہ سکولوں کی بہتری اور اضافی کمروں کی تعمیرسمیت پی کے 89 میں 5 کالجوں کے قیام کے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ اس سے قبل پورے حلقے میں ایک بھی کالج نہیں تھا۔صوبائی وزیر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ سیکورٹی آپریشن کے دوران ہونے والے نقصانات کا معاوضہ دلانے کے لئے وہ صوبائی سطح پر بھر پور کردارادا کریں گے تاکہ اپ لوگوں کے دکھوں کا مداوا ہوسکے۔کھلی کچہر ی کے بعد شاہ محمد وزیر نے نئے قائم ہونے ہونے والے پرائمری سکول کا فیتہ کاٹ کرافتتاح کیا۔ اس موقع پر کمشنر بنوں،آر پی او اور ڈی سی بھی ان کے ہمر اہ تھی.