شمالی وزیرستان:سکیورٹی فورسزکا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن 2 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 3 جوان شہید، آئی ایس پی آر

راولپنڈی : ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کا آپریشن ردالفساد جاری ہے، سکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان میں آ پریشن کرکے 2 دہشتگرد ہلاک کردیے، فائرنگ کے تبادلے میں 3 سپاہی بھی شہید ہوگئے، ان دہشتگردوں میں ایک آئی ای ڈی بنانے کا بھی ماہر تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا، فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشتگردوں میں ایک آئی ای ڈی بنانے کا ماہر تھا۔تاہم دہشتگردوں سے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے 3 سپاہی بھی شہید ہوگئے۔دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے کرک کے رہائشی سپاہی ازیب احمد، اورکزئی کے لانس نائیک عباس خان، بنوں کے رہائشی سپاہی ضیاء السلام نے جام شہادت نوش کیا۔