خیبر: باڑہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے گا، صوبائی وزیر تیمورسلیم جھگڑا

خیبر: خیبر پختونخوا کےصوبائی وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا کا ایم پی اے شفیق آفریدی کے ہمراہ باڑہ خیبر میں قائم کیٹگری ڈی ہسپتال کا اچانک دورہ۔ اس موقع پر ہسپتال میں تمام تر سہولیات کا جائزہ لیا، عوام سے سہولیات کے بارے میں رائے لی اور انتظامیہ کو پیش آنے والے تمام مسائل پر تفصیلی بات کی۔ تیمور جھگڑا نے ہسپتال ایم ایس کی کارکردگی کو سراہا، مختلف سروسز بشمول الٹراساونڈ شروع کرنے پر تعریف کی۔ تیمور جھگڑا نے ہسپتال ایم ایس کو دیگر سہولیات کو بہتر کرنے اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہر قسم کی معاونت کا اعلان کیا۔ تیمور جھگڑا نے احساس پروگرام کے تحت فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ بھی لیا اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔ تیمور جھگڑا نے کچھ حصوں میں واش رومز کی مرمت اور سولر سسٹم کو دوبارہ فعال کرنے کے احکامات جاری کیے۔ باڑہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور ایم ایس کو مزید بااختیار بنایا جائے گا۔