قبا ئلی اضلاع کے عوام کیلئےصحت کارڈ کے تحت سالانہ رقم 10 لاکھ روپے کر دی جائے گی، وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صحت کارڈ پلس سکیم کو موجودہ حکومت کا صوبے کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک صوبے کی سو فیصد آبادی کو صحت کارڈ کی توسیع کا عمل مکمل ہو جائے گا جس کے بعد صوبے کی تقریباً4 کروڑ آبادی کو400 منتخب ہسپتالوں میں سالانہ 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہوں گی، ضم شدہ اضلاع کی سو فیصد آبادی کو پہلے ہی سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے اور اگلے بجٹ میں ضم شدہ اضلاع کے عوام کیلئے بھی صحت کارڈ کے تحت سالانہ چھ لاکھ روپے کی رقم بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی جائے گی۔ ضلع صوابی کے دورے کے موقع پر ضلع کی سو فیصد آبادی تک صحت کارڈ پلس سکیم کی توسیع کے اجراءکے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ جس نے صوبے کے عوام کیلئے ایک ایسا انقلابی منصوبہ شروع کیا ہے جو دُنیاکے اکثر ترقیافتہ ممالک میں بھی شروع نہیں کیا گیا۔ اُنہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عام آدمی کی فلاح کیلئے اقدامات اُٹھار ہی ہے،وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ملک میں کوئی بھی شخص بھوکا نہیں سوئے گا اور سب کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہوں گی ۔ اُنہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو ایک ایک کر کے مکمل کر رہی ہے ، گزشتہ صوبائی حکومت کی اچھی کارکردگی کے نتیجے میں صوبے کے عوام نے گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اُمید ہے کہ اگلے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی پر اعتما د کا اظہار کریں گے ۔