پاک بحریہ سی پیک اور گوادر پورٹ سمیت سمندری حدود کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری سے بخوبی واقف ہے، نیول چیف ایڈمرل محمد امجد نیازی

کراچی: کمانڈر کراچی کمانڈ کے سالانہ ایفیشنسی ایوارڈ برائے سال2020 کی تقریب بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں منعقد کی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں آمدپر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاک بحریہ سی پیک اور گوادر پورٹ سمیت سمندری حدود کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری سے بخوبی واقف ہے۔نیول چیف نے آئندہ چیلنجزکا سامنا کرنے کے لیے اہلکاروں کی جدید طرزپر تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور تربیتی یونٹس کی صلاحیتوں میں اضافے اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے مسلسل کوشش پر بھی زور دیا۔اس سے قبل اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے کمکار کمانڈ کے کردار کی وضاحت کی اور ان یونٹس میں پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کی اہمیت کو واضح کیا۔انہوں نے کمکار کمانڈکے زیر انتظام گزشتہ سال کے دوران انجام دئیے گئے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا جس میں وبائی مرض کرونا کے دوران ساؤتھ میں تمام فیلڈکمانڈز کو فراہم کی جانے والی معاونت بھی شامل ہے۔ انہوں نے 2020 میں بلدیاتی حکومت اور این ڈی ایم اے کی مدد کے لیے آپریشن مدد کراچی کا ذکر بھی کیا۔بعد ازاں ، مہمان خصوصی نے مختلف کیٹیگریز میں بہترین اافراد/ یونٹس کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔میجر ٹریننگ یونٹ کی مجموعی ایفیشنسی شیلڈ پی این ایس کارسازجبکہ چھوٹے ٹریننگ یونٹ کی مجموعی ایفیشنسی شیلڈ پی این ایس رہنما نے جیتی۔ پی این ایس نگران کو سپورٹ / سروسز کے لئے مجموعی طور پر ا یفیشنسی شیلڈ سے نوازا گیا۔نیول چیف نے انعام یافتہ یونٹس اور افراد کو مبارکباد پیش کی اور مختلف شعبوں میں کمکار کمانڈ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔