وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان حزب وحد ت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی کی ملاقات

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی افغان مسئلے کا واحد حل ہے،پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ،بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے ۔منگل کو افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنماء محمد کریم خلیلی نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں آپ کو اور آپ کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ،افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے ،پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیش رفت خوش آئند ہے ،ہم دوحہ میں شروع ہونیوالے،بین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں ،ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں سپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم نے افغانستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے نء ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے ،ہم پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ،ہم پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی جلد، باعزت اور پر وقار وطن واپسی کے متمنی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ، کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں ۔