راست نظام کا اجرا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اہم قدم ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ‘راست’ نظام کا اجرا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اہم قدم ہے،راست پروگرام سے غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سب سے کم ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے۔ ریکارڈ ترسیلات زر آنے سے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہوا۔ پاکستان کے پہلے فوری ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام “راست”کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے راست نظام کے اجرا پر سٹیٹ بنک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ راست نظام کا اجرا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اہم قدم ہے،اس سے ادائیگیوں کے نظام کو محفوظ اور موثر بنا یاجاسکے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سب سے کم ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے،22کروڑ کی آبادی میں سے صرف 20لاکھ افراد ٹیکس دیتے ہیں اور ان میں سے بھی 70 فیصد ٹیکس صرف تین ہزار افراد دیتے ہیں،کم ریونیو کے باعث ہم ملکی تعمیر وترقی پر زیادہ خرچ نہیں کر سکتے۔وزیر اعظم نے کہا کہ احساس پروگرام کے زریعے غربت پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں،غربت کا سب سے زیادہ اثر خواتین پر پڑتا ہے،اس لئے ہمارے احساس پروگرام کا مقصد بھی خواتین کو اقتصادی ترقی میں شامل کرنا ہے اور ان کے لئے زریعہ معاش پیدا کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی کوششوں سے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ ریکارڈ ترسیلات زر آنے سے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہونے سے روپے کے قدر پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں ہو تو روپے پر دباؤ بڑھتا ہے اور تیل اور دیگر ضروریات زندگی مہنگی ہوجاتی ہیں۔