ٹوئٹر انتظامیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن ہار گیااور جوبائیڈن کو امریکا کے نئے صدر بنانے کا اعلان کر دیا گیا۔ اب جب ٹرمپ کی دور صدارت کا سورج غروب ہوا تو ٹوئٹر نے بھی ان کے اکاﺅنٹ کا سورج غروب کر دیا۔ٹوئٹر انتظامیہ نے ٹرمپ کا اکاﺅنٹ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا ہے۔ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی طرف سے کی گئی ٹویٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ہمارا خیال ہے کہ جس قسم کی ٹویٹس ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جا رہی تھیں وہ عوام کے غم و غصہ کو بڑھانے کا باعث بن رہی تھیں۔ٹرمپ کے پیغامات تشدد پر اکسانے کا باعث بن رہے تھے اس لیے ان کا اکاﺅنٹ مستقل طور پر بند کر دیا گیا۔ٹویٹر انتظامیہ کے مطابق امریکی صدر کے تین ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کئے گئے تھے،اور اس وقت ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹرمپ باز نہ آئے تو ٹویٹر اکاﺅنٹ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ٹوئٹر نے یہ اقدام اس دن اٹھایا تھا جس روز واشنگٹن میں ٹرمپ کے حامی آپے سے باہر ہوگئے تھے، مشتعل افراد کیپٹل ہل کی عمارت میں جا گھسے تھے اور خوب توڑ پھوڑ کی تھی۔ جبکہ واشنگٹن میں صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد امریکی دارالحکومت میں کرفیو نافذ کردیا تھا۔