خیبر پختونخوا حکومت کا کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دینے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے مختلف گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے 236.135 ملین روپے پراجیکٹ کی منظوری دے دی میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ وظائف دیئے جائیں گے۔ یہ منظوری پراونشل ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو ڈی)کے اجلاس میں دی گئی ہے۔ محکمہ کھیل، ثقافت، سیاحت ،آثار قدیمہ و امور نوجوانان کے ترجمان کے مطابق حکومت نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تاریخی اقدام اٹھایا ہے کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈر16 گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے 58کھلاڑیوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے، سلور میڈل جیتنے والے 35کھلاڑیوں کو ماہانہ آٹھ ہزار روپے ، کانسی کا تمغہ جیتنے والے 14کھلاڑیوں کو ماہانہ پانچ ہزار روپیوظیفہ دیا جائے گا۔انڈر21 گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے 449کھلاڑیوں کو ماہانہ10 ہزار روپے ، سلور میڈلز جیتنے والے 449کھلاڑیوں کو ماہانہ آٹھ ہزار روپے ، برونز میڈلز جیتنے والے 227کھلاڑیوں کو ماہانہ پانچ ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق پی ڈی ڈبلیو پی اجلاس میں انڈر16 اور انڈر21 کھلاڑیوں کے لئے خصوصی کیمپ کے انعقاد ،نمایاں کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سامان اور کوچز کو سروسز چارجز دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ پراجیکٹ محکمہ کھیل کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے جس کے لئے رواں مالی کے بجٹ میں 64.50 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں