پاکستان ورلڈ میموری چیمپئن شپ کا فاتح بن گیا

لندن : پاکستان کی نوجوان ایتھلیٹ نے دنیا بھر کے 300 سے زائد حریفوں کو شکست دے کر 29 ویں ورلڈ میموری چیمپئن شپ کا فائنل جیت لیا ہے ۔ ایما عالم نے تین روزہ مقابلوں میں 10 سے زائد مضامین میں حصہ لیا جس میں چین، کینیڈا، برطانیہ، جنوبی کوریا، ویتنام، بھارت، ملائشیا، الجیریا، امریکا، ہانگ کانگ، مکاؤ، تائیوان، لیبیا، قطر اورعراق کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔پاکستان کی جانب سے رواں سال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی ایما عالم اور سیدہ قصہ زہرہ نے کی، جنہوں نے ایونٹ میں متعدد عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیے ۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کی ایک اور رکن عبیرہ اطہر نے 2020ء کی عالمی درجہ بندی میں 7 ویں پوزیشن بھی حاصل کی ہے ۔عالمی ایونٹ جیتنے والی ایما عالم نے کہا ہے کہ میں حیران ہوں کہ انسان کا دماغ کتنا طاقتور ہے ،ہم مزید بہتر کارکردگی کے ساتھ اگلے سال دوبارہ مقابلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ ورلڈ میموری چیمپئن شپ دماغی کھیلوں کا ٹورنامنٹ ہوتا ہے ، جہاں جسمانی کھیلوں کے مقابلہ میں دانشورانہ صلاحیتوں کی مہارت کی پیمائش کی جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ ورلڈ میموری چیمپئن شپ کا انعقاد پہلی بار 1991ء میں لندن میں ہوا تھا۔ اسے ایک انگریزی مصنف ٹونی بوزان نے میموری سپورٹس کو آفیشل بنانے کے لئے تشکیل دیا تھا۔ یہ چیمپین شپ اپنے آغاز سے پوری دنیا کے متعدد شہروں میں منعقد کی جارہی ہے۔