پولیس دیانتداری کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں، ڈاکٹر محمد نعیم

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان سنٹرل پولیس آفس پشاور میں صوبے کے مختلف حصوں میں تعینات اے ایس پیز کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ پولیس سربراہ نے واضح کیا کہ اداروں کی مضبوطی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے نوجوان پولیس قیادت کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اور اُن پر زور دیا کہ وہ سخت محنت، لگن اور دیانتداری کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں اور شخصیات کی بجائے اداروں کی مضبوطی کے لیے اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ ڈاکٹر محمد نعیم خان نے شرکاء کو یاد دلایا کہ پولیس ایک مقدس پیشہ ہے اور پولیس ملازمت میں لگن اور دیانتداری کے سنہرے اُصولوں پر عمل پیرا ہو کر عزت و احترام اور پذیرائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ نوجوان اے ایس پیز پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشے سے محبت کریں، اپنے اہداف اور ترجیحات متعین کرکے ان کے حصول کے لیے اپنی ذہنی، فکری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ آئی جی پی نے شرکاء سے مزید کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں اعلیٰ اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ تمام سائلین کا برابر احترام کریں۔ اُن کی معروضات توجہ سے سنیں اور اْن کی بے لوث خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ اور جب آپ اللہ کی مخلوق کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے تو اللہ تعالیٰ آپ کی مشکلات آسان کرے گا۔ آئی جی پی نے اے ایس پیز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ فورس کے جوانوں کے لیے رول ماڈل بن کر خدمات سرانجام دیں اور ہر مشکل گھڑی میں فورس کے ہراول دستے میں رہتے ہوئے اسکی قیادت کریں۔