کرس گیل کی واپسی

جمیکا: کرس گیل کا یوٹرن، بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان واپس لے لیا، دھواں دار بلے بازی کیلئے مشہور بلے باز کو بھارت کیخلاف سیریز کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم میں بھی شامل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے دبنگ بلے باز کرس گیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ابھی ریٹائر نہیں ہو رہے۔کرس گیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ تاہم اب کرس گیل نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ اسی باعث کرس گیل کو بھارت کیخلاف سیریز کیلئے ویسٹ انڈین ٹیم میں شامل بھی کر لیا گیا ہے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز سلیکشن کمیٹی نے بھارت کے خلاف ہوم ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کیا ہے، کرس گیل ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔گیل جنہوں نے رواں سال فروری میں کہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے لیکن ورلڈ کپ کے دوران ہی انہوں نے اپنے فیصلے پر یو ٹرن لیتے ہوئے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور سلیکٹرز نے بھی ان کی خواہش کا احترام کیا۔ جان کیمپ بیل، روسٹن چیس اور کیموپال کو بھی دوبارہ سکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔جبکہ سنیل ایمبرس، ڈیرن براوو اور ایشلے نرس کو ڈراپ کر دیا گیا۔ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 8 اگست سے ہو گا۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان جیسن ہولڈر، کرس گیل، جان کیمپ بیل، ایون لیوس، شائی ہوپ، شمرون ہٹمائر، نیکولاس پوران، روسٹن چیس، فابین ایلن، کارلوس بریتھویٹ، کیموپال، شیلڈن کوٹریل، اوشین تھامس اور کیمر روچ پر مشتمل ہے۔