آسٹریلیا سے پاکستانیوں کی ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد:آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے ابتدائی چارماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 84.6 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2020 تک کی مدت میں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے 184.4 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 84.6 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے چارمہینوں میں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے 99.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔اکتوبر2020 میں آسٹریلیا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 43.2 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال اکتوبرمیں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں نے 27.6 ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے ترسیلات زر قانونی ذرائع سے ملک ارسال کرنے کے لئے ترغیبات و اقدامات کے نتیجہ میں جاری سال کے پہلے چارماہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 26.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مالی سال کے پہلے چارماہ میں ترسیلات زر کی مد میں 9.431 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا حجم 7.591 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔