میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر،عدالت کا ٹرمپ کے حق میں فیصلہ

نیو یارک: امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کے لیے اڑھائی ارب ڈالر کی رقم فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فوری اڑھائی ارب ڈالر جاری کیے جائیں۔ اس سے قبل ریاست کیلی فورنیا کی وفاقی عدالت نے ٹرمپ حکومت کو رقم سرحدی دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے سے کہہ کر روک دیا تھا کہ کانگریس نے رقم اس مقصد کے لیے مختص نہیں کی۔وفاقی عدالت کے فیصلے کیخلاف ٹرمپ حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس نے اپنے فیصلے میں ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے نو میں سے 5 ججز نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ 4 ججز نے مخالفت کی۔اعلیٰ عدالت کے اکثریتی فیصلے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو فنڈز سرحدی دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے کی اجازت ہو گی۔