سندھ حکومت کا قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈز پر ڈاکہ

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہو ئے کہا کہ بلاول زرداری نے خیبرپختونخوا کے سامنے سندھ کی حکومت کو ایکسپوز کردیا۔‏سندھ حکومت نے وعدہ خلافی کرتے ہوئے قبائلی اضلاع کے لیے طے شدہ این ایف سی کا 3 فیصد دینے سے انکار کیا، دو سالوں سے ایک روپے نہیں دیا۔ بلاول کس منہ سے قبائلی اضلاع کے لیے بات کررہا ہے؟ پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ صوبائی اور وفاقی حکو مت قبائلی علاقوں میں حصہ ڈالنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

خیبر پختونخواکے صوبائی وزیر تیمور خان جھگڑا نے اپنی ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو مسترد کرتے ہو ئے کہا کہ گذشتہ دو سالوں کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومت نے قبائلی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا ئے ہیں اور صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی تعمیر نو کیلئے کو شاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے فکر مند ہے تو سندھ حکومت سے پوچھ لینا چاہیے کہ انہوں نے قبائلی اضلاع کیلئے کتنا بجٹ دیا،تمام صوبوں اور وفاق نے قبا ئلی اضلاع کو اپنا حصہ دیا لیکن سندھ حکومت نے ایک پیسہ بھی نہیں دیا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اپوزیشن کے کورونا وباء کی پہلی لہر کے دوران کے بیانیے اور موجودہ بیانیے میں تضاد ہے۔ پہلے یہ سخت سے سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر رہے تھے اور اب خود جلسے جلوس کر رہے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے کہ جلسوں سے کچھ نہیں ہوتا اور حکومت کورونا وباء کو جلسے روکنے کے بہانے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔