تعمیراتی کام میں تیزی سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی کام میں تیزی سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے، پنجاب حکومت تعمیراتی کام کے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کو مروجہ قوانین کے مطابق جلد منظور کرے اور تعمیراتی شعبے سے متعلقہ مسائل فوری حل کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ، تعمیرات و ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، سیاسی رابطوں کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل، وفاقی و صوبائی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ گورنر سٹیٹ بنک نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بینکوں کی طرف سے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے قرضوں کی حصول میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام الناس کی آسانی کیلئے ملک بھر کے تمام ضلعوں میں موجود بینکوں کی پچاس فیصد برانچوں میں تعمیرات کے لئے قرضہ جات کی فراہمی کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ بینک الحبیب کی طرف سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے اب تک 6 ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بھر سے 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جس میں سے 20 ملین مربع فٹ پر تعمیرات کیلئے منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعمیرات سے وابستہ تمام صنعتوں بشمول سیمنٹ، اینٹوں اورسریا کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد صوبے میں تقریباً 1 کھرب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوگی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبے بھر سے تقریباً 6 ملین مربع فٹ پر نئی تعمیرات کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظوری کے بعد صوبے میں 100 ارب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی کام میں تیزی سے ملکی معیشت بہتر ہوگی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔ وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو تعمیراتی کام کے حوالے سے موصول شدہ درخواستیں مروجہ قوانین کے مطابق جلد از جلد منظور کر نے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور نیپرا کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ ملکر تعمیراتی شعبے سے متعلقہ مسائل جلد حل کریں۔ وزیر اعظم نے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے پر بھی زور دیا۔