پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیانات کو مسترد کردیا

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو “بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اورریاستی سرپرستی میں پاکستان کیخلاف دہشت گردی سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے ایک کہا ہے کہ یہ واضح ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناقابل تردید ڈوزیئر فراہم کرنے کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف پروپیگنڈا شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے پیش کردہ ڈوزیئر میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں پر عملدرآمد اور دہشت کردی کی فعال منصوبہ بندی، مالی معاونت اور دیگر اقدامات بے نقاب کئے گئے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے بے بنیاد الزامات اور انکار سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ بار بار نام نہاد “سرحد پار دہشت گردی” کا رٹ لگانے سے بھارت کے جھوٹے بیانیہ کو سچ میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان نے کہا کہ دوسری جانب پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے اندر جھوٹے فلیگ آپریشنز بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشن کے بارے میں آگاہ کرتا رہا ہے ۔ترجمان نے کہا دہشت گردی کا بطور ریاستی پالیسی استعمال بین الاقوامی قوانین اور عالمی معاہدوں کے تحت بھارت کو مجرم بناتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کا احتساب کرے اور دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں ملوث بھارتی شہریوں کے خلاف کارروائی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ شواہد کی بنا پر بھارت کیخلاف کارروائی کرے اور بھارت پر زور دے کہ وہ دہشت گردی کا بطور ریاستی پالیسی کااستعمال بند ، دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو ختم اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے دوسرے ممالک کی سرزمین کا استعمال کو بند کرے۔