باجوڑ: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تحصیل برنگ میں کھلی کچہری کا انعقاد

باجوڑ: تحصیل برنگ میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام ڈپٹی کمشنر باجوڑ محمد فیاض شیرپاؤ اور ضلع بھر کے تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کیے جائیں اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی سستی اور کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مختلف محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور قانون کی روشنی و میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں۔متعلقہ محکموں کے افسران کو ان مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے اور جلد از جلد اس ضمن میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دیتے ہوئے تمام سائلین کو کہا کہ اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کیلئے ان کے دفتر کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل میں دلچسپی لیتے ہوئے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیں ، عوام نے کھلی کچہریاں منعقد کرنےپر حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد فیاض شیرپاؤ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد نہ صرف سرکاری ملازمین کو ان کے فرائض کا پابند بنانا ہے بلکہ عوام کے ساتھ ان کا رویہ درست کرنا اور عوام کے مسائل و پریشانیوں کا ازالہ کر کے انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا بھی ہے۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور کمشنر ملاکنڈ کا شکریہ ادا کیا۔