ترکی کا پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر خریدنے کا امکان

انقرہ:  ترکی کا پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر خریدنے کا امکان، روسی میزائل دفاعی سسٹم کی خریداری کے باعث امریکا ترکی سے سخت نالاں، ترک صدر ماضی میں بھی پاکستانی جنگی طیارے میں دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا اور ترکی کے درمیان ایف 35 طیاروں کی فروخت کا معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ترکی نے روس نے ایس یو 400 میزائل دفاعی نظام خریدا ہے جس پر امریکا سخت نالاں ہے اور ترکی کیساتھ ایف 35 طیاروں کی فروخت کیلئے کیا گیا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ اس حوالے سے ترکی نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا طیارے فروخت نہیں کرتا تو ترکی کسی اور ملک سے جدید جنگی طیارے خرید لے گا۔ایسے میں اب پاکستان میں کچھ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ عین ممکن ہے کہ ترکی پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے کی خریداری کیلئے رابطہ کرے۔ترک صدر نے کچھ عرصہ قبل جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں خاصی دلچسپی کا اظہار بھی کیا تھا۔ پاکستان اور چین چوتھی جنریشن والے جے ایف 17 تھنڈر تیار کر رہے ہیں، ترک ان طیاروں کا خریدار بن سکتا ہے۔ دوسری جانب ترک صدر نے امریکی کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے F-35 طیاروں کی فراہمی سے انکار کو کھلی بدمعاشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کسی اور ملک سے طیارے خریدنے کے لیے رجوع کرے گا۔ ترک صدر کہتے ہیں کہ امریکا کی جانب سے معاہدے کو ختم کرنے پر کسی قسم کے دبائو پر نہیں آئیں گے اور نہ ہی اپنے فیصلوں کو تبدیل کریں گے اور اپنے ملک کی سلامتی سب سے مقدم رکھی جائے گی۔