غیر ملکیوں کیلئے بھارت میں زندگی گزارنا بہت مشکل ہے، نورافتیحی

ممبئی: دلبردلبرگرل نورا فتیحی نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کیلئے بھارت میں زندگی گزارنا بہت مشکل ہے ،میں نے بالی ووڈ میں جگہ بنانے کیلئے کئی قربانیاں دی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ’دلبر دلبر‘گانے سے شہرت حاصل کرنیوالی مراکشی اداکارہ نورافتیحی اپنے بہترین ڈانس کی بدولت آج بالی ووڈ کی ضرورت بن گئی ہیں، لیکن انہوں نے یہ کامیابی یونہی نہیں حاصل کرلی ہے بلکہ انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ایک انٹرویو میں نورا فتیحی نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں ہندی زبان نہیں آتی تھی جس کی وجہ سے انہیں کئی بار آڈیشنز میں شرمندہ کیاگیا، نورا نے کہا لوگ مجھ پر ہنستے تھے جیسے میں کوئی سرکس ہوں، مجھے پریشان کرتے اور بہت تذلیل کرتے تھے۔ایک بار ایک کاسٹنگ ایجنٹ نے مجھے کہا تھا کہ واپس چلی جاؤ ہمیں تمہاری ضرورت نہیں ہے، بالی ووڈ میں موجود لوگوں کے رویئے دیکھ کر میں اپنے گھر جاتے ہوئے رو رہی تھی، میں یہ سب کبھی بھلا نہیں سکوں گی۔نورا نے مزید کہا کہ وہ جس ایجنسی کے ذریعے کینیڈا سے بھارت آئی تھیں ان کا رویہ بہت ہی خراب تھا اور جب میں نے اس ایجنسی کو چھوڑنا چاہا تو انہوں نے میرے 20 لاکھ روپے دینے سے انکار کردیا جو میں نے ایک اشتہاری ایجنسی میں کام کرکے کمائے تھے۔ بھارت میں غیر ملکیوں کیلئے زندگی گزارنا بہت مشکل ہے، یہاں لوگ آپ کے پیسے لے لیتے ہیں لیکن میں نے سوچا بڑا کام کرنے کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت میں رہنے کیلئے بہت مشکلات جھیلی ہیں ، میں ایک اپارٹمنٹ میں 8 لڑکیوں کے ساتھ رہتی تھی ، جہاں ایک لڑکی نے میرا پاسپورٹ چوری کرلیا، اتنا سب برداشت کرنے کے بعد میرا بھارت میں رہنا بہت مشکل ہوگیاتھا اور کچھ وقت کیلئے میں بھارت چھوڑ کر کینیڈا چلی گئی تھی۔