پی ایس ایل 5:وسیم اکرم نے ڈین جونز کا قول شیئر کرکے کھلاڑیوں کی ہمت بڑھا دی

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کے فائنل سے قبل کراچی کنگز کے کوچ وسیم اکرم نے آنجہانی کوچ ڈین جونز کا قول شیئر کرکے کھلاڑیوں کی ہمت بڑھا دی۔ 54 سالہ وسیم اکرم نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر ڈین جونز کا پیغام منقول کرکے لکھا کہ ’’میرے کیریئر میں انہی ٹیموں نے فتح حاصل کی ہے جو ایک دوسرے کیلئے کھیلتی ہیں اور ایک دوسرے کیلئے قربانی دیتی ہیں،

جو ٹیمیں ایک دوسرے سے دلی اور جذباتی طور پر وابستہ ہوں میرے نزدیک وہی ٹیم اصل فاتح ہے‘‘۔اس سے قبل وسیم اکرم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ وہ ہیں لیکن ڈین جونز کی جگہ کوئی بھی نہیں لے سکتا ہے۔ وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے بہترین کوچ بھی ڈین جونز کی جگہ نہیں لے سکتے ہیں ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز اپنے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو مس کرے گی، انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی منفرد پہچان بنائی۔