دورہ افغانستان سے تجارت و سرمایہ کاری تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا، عبدالرزاق داؤد

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ افغانستان کے دورہ سے دونوں ملکوں کے مابین تجارت و سرمایہ کاری تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا جس سے پاکستان کی افغانستان اور دوسرے ممالک تک برآمدات میں اضافہ ہوگا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد افغان حکومت کی جانب سے خصوصی دعوت پر افغانستان کا دورہ کر رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ وفود کی سطح پر مذاکرات میں مضبوط تجارت، ٹرانزٹ اور معاشی تعاون شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری آئے گی۔ وفد تجارت اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ کیلئے مذاکرات کرے گا۔وفد میں سیکرٹری تجارت، ممبر کسٹمز اور وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام شامل ہیں-اس موقع پر وفد دوطرفہ تجارت، راہداری تجارت اور دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر مذاکرات کرے گا ،غیر رسمی تجارت کو رسمی بنانے کے سلسلے میں بھی بات چیت متوقع ہے ۔مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد افغان صدر سے بھی ملاقات کریں گے ، وفد کی سربراہی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کر رہے ہیں-