پی ایس ایل 5، لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کیخلاف فائنل میں چاہنے والوں کی دعاؤں کی ضرورت ہوگی، فواد رانا

لاہور : پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کیخلاف فائنل میں اپنے چاہنے والوں کی دعاؤں کی ضرورت ہوگی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں فواد رانا کا کہنا تھا کہ زندہ دلان لاہور،ہم فائنل میں ہیں،لاہور قلندرز کراچی کے اندر کراچی کنگز کے ساتھ فائنل کھیلے گا،آپ پرجو ش ہیں،میں بھی انتہائی خوش ہوں،اللہ نے آج ہمیں آپ کی دعاؤں اور آپ کی محبتوں کی بدولت ملتان سلطانز کے خلاف کامیابی ملی ہے۔فواد رانا نے لاہور قلندرز کے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنی دعاؤں کو کم نہ کیجئے گا ،ہم نے کراچی کنگز کے خلاف کل فائنل میں انہیں دعاؤں کے ساتھ اترنا ہے ،انہوں نے آخرمیں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے کے ساتھ ساتھ دما دم مست قلندر بھی کہا ۔یاد رہے کہ لاہور قلندرز نے گزشتہ روز پی ایس ایل 5کے دوسرے ایلیمنیٹر میں ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 25رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جہاں 17نومبر کو اس کامقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا۔