وزیرداخلہ کا اے این پی کے بارے میں متنازعہ بیان، پی ٹی آئی وفد کی باچاخان مرکز آمد

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے وزیردفاع پرویز خٹک کی قیادت میں باچاخان مرکز پشاور کا دورہ کیا اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کے اے این پی کے بارے متنازعہ بیان پر باقاعدہ معذرت کرلی۔ وفد میں وفاقی وزیردفاع پرویزخٹک کے علاوہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ، صوبائی وزیرصحت تیمورسلیم جھگڑا اور ایم این اے ارباب شیرعلی شامل تھے۔ وفد نے وزیرداخلہ کے بیان پر جرگہ کی صورت میں اے این پی کے مرکزی و صوبائی قائدین کو معذرت کی جسے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے قبول کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین، صوبائی صدر ایمل ولی خان، صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک، صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور، بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور، مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی ہدایت اللہ سمیت مرکزی و صوبائی کابینہ کے دیگر اراکین موجود تھے۔ اے این پی قائدین نے ان کا جرگہ قبول کرتے ہوئے 11نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا فیصلہ واپس لے لیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم جرگہ لے کر آئے تھے کہ اگر اس بیان سے د ل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتے ہیں۔ اے این پی کا بڑا پن ہے کہ خوش دلی سے جرگہ قبول کیا گیا اور یہی پشتون روایات ہیں۔ وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جرگہ قبول کیا اور ہمیں عزت دی۔ اے این پی سمیت جتنے بھی شہداء ہیں،اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کرتے ہیں۔میں نے ایسے کوئی بات کی ہی نہیں جس طرح اسے لیا گیا۔ اس موقع پر اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم نے پختون روایات کے مطابق پی ٹی آئی کا جرگہ قبول کیا اور پشتون قوم کا نمائندہ ہونے کے ناطے ہم نے جرگہ قبول کیا۔ اس جرگے کے بعد مطالبات واپس لیتے ہیں کیونکہ آج اے این پی کا بیانیہ جیت گیا ہے کہ ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ اس ملک کی بقا کیلئے تھیں جسے آج جرگے نے بھی وضاحت کردی۔