کائیٹ پراجیکٹ کے تحت خیبرپختونخوا کے 9 آثارقدیمہ کے مقامات کی بحالی کا فیصلہ

پشاور:خیبرپختونخوا میں آثارقدیمہ کے 9مقامات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کیلئے خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ (کائیٹ) ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم خیبرپختونخوا کے تحت معاہدہ طے پاگیا ۔ جس کا مقصد آثارقدیمہ کے مقامات ، ثقافت اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے ۔ معاہدے کے تحت سکیم میں شامل مقامات انتہائی عالمی سطح پر اہمیت کے حامل ہیں جس میں یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل بھمالہ خانپور، شاپولہ سٹوپہ خیبر ڈسٹرکٹ ، جمرود قلعہ ڈسٹرکٹ خیبر،سوات میں تین تاریخی مساجد پشمال، تاریخی کالام مسجد، اڈیگرام مسجد، ہنڈ میوزیم صوابی، چکدرہ میوزیم دیر لوئر اور مردان میوزیم ڈسٹرکٹ مردان شامل ہیں ۔معاہدہ کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں میں تحفظاتی کام ، موجودہ آثارقدیمہ کی باقیات کو محفوظ بنانا ، موجودہ عمارتوں کی توسیع، ان کو بحالی، سیاحوں کی سہولیات کیلئے انفارمیشن سنٹر کا قیام، ٹک شاپ، سوئینئر شاپس، کیفی ٹیریا ، سڑکوں کی تعمیر،بیت الخلاء،حال کی تعمیر، پارکنگ ، کوڑا دان اور بیٹھنے کیلئے بنچ وغیرہ شامل ہیں ۔حکومت خیبرپختونخوا صوبہ میں سیاحت کے شعبے کی ترقی اور روزگار کی فراہمی کیلئے ایک کلیدی کردار ادا کررہی ہے ۔جس میں نجی سیکٹر کو سیاحت کی انڈسٹری میں شامل کرنے کیلئے ایک بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت نے انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ (کائیٹ) کیلئے بین الاقوامی ترقی ایسوسی ایشن آئی ڈی اے کے ذریعے عالمی بینک کے ساتھ شراکت سے 70 ملین ڈالرز کا کائیٹ پراجیکٹ شروع کیا ہے جس کا مقصد صوبہ خیبرپختونخوا میں پائیدار سیاحت کی ترقی کیلئے انفراسٹرکچر کی تشکیل، سیاحت کے آثاثوں میں اضافہ اورسیاحتی مقامات کے انتظام کو مستحکم کرنا ہے ۔کائیٹ پراجیکٹ ڈائریکٹریٹ آف آرکیالوجی خیبرپختونخوا کی ادارہ جاتی مضبوطی سمیت دیگر امور پر بھی کام کررہی ہے ۔ جس میں صوبے کے 10 اضلاع میں صوبے کے مختلف مقامات پر 540 سائن بورڈز کی تنصیب ہے ۔ مردان میں اب تک 69 سائن بورڈز لگائے جا چکے ہیں جبکہ تخت بھائی ، جمال گڑھی اور شہباز گڑھی میں آثارقدیمہ کے مقامات پر 62 معلوماتی سائن بورڈز کی تنصیب کا عمل جاری ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ سوات میں 130 سائن بورڈز مختلف مقامات پر نصب کئے جائینگے تاکہ ان مقامات کا رخ کرنے والے زائرین اور سیاح باآسانی ان مقامات تک پہنچ سکیں ۔