موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے، اکبر ایوب

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی اور انکی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔ قبائلی اضلاع میں تمام تر ترقیاتی منصوبے وزیراعلی محمود خان خود مانیٹر کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے ضلع خیبر تحصیل باڑہ کے خصوصی دورے کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی, رکن صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی, ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر, ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ریاض, اسسٹنٹ کمشنر نیک محمد کے علاوہ قومی و سماجی مشران بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلع خیبر میں مکمل شدہ،جاری ا ور شروع ہونے والے تمام منصوبوں کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزراء قبائلی اضلاع کے دورے کررہے ہیں اور مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کا مرحلہ بطریق احسن نبھانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس کو موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران کی قیادت میں پورا کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کی کیلئے تین سالہ تیز تر ترقیاتی منصوبوں کیساتھ ساتھ دس سالہ ترقیاتی پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے۔ تقریب میں شریک قومی و سماجی مشران نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر بلدیات نے عوامی مسائل حل کرنے کیلئے موقع پر ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کردی۔صوبائی وزیر نے تحصیل میونسپل ایڈمنیسٹریشن کو باڑہ بازار میں صفائی ستھرائی, پینے کا پانی اور واش رومز مہیا کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔ انہوں نے لوگوں سے علاقے میں نوکریوں پر مقامی لوگوں کے بھرتی ہونے کا بھی وعدہ کیا۔ صوبائی وزیر نے باڑہ پریس کلب کے علاوہ باڑہ تحصیل میں سٹیٹ اف دی آرٹ جرگہ حال بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کا بھی وعدہ کیا۔انہوں نے تیرا باغ بازار کی وسعت کے علاوہ وہاں پر میونسپیلٹی کی سرگرمیاں یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شین کمر تا مستک روڈ پر تیزی سے کام ہو رہاہے۔وزیربلدیات نے کہا کہ باڑہ ڈیم مکمل ہونے سے نہ صرف باڑہ میں شارٹ فال پر قابو پا لیا جائے گا بلکہ یہاں سے تیرا ہ میدان کو بھی بجلی کی فراہمی یقینی ہوجائے گی۔ صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر کی اپگریڈیشن, اس میں سیکنڈ شفٹ کلاسسز کے اجرا ،لڑکیوں کیلئے الگ کالج کے قیام کے علاوہ تمام سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کیساتھ ساتھ ڈوگرہ ہسپتال کے مسائل حل کرنے اور ڈاکٹرز و ٹیچرز کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر نے تحصیل باڑہ میں دس خواتین دستکاری سنٹرز کے قیام کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود تمام ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں گے۔