مردان:ریسکیو1122 نے خدمت و امانت داری کی مثال قائم کردی

مردان: ریسکیو1122 کی خدمتگاری و امانت داری بے مثال، سڑک حادثے میں جاں بحق شخص سے بطور امانت محفوظ کی گئی نقدی، سونے کا زیور اور دیگر سامان ورثاء کے حوالے کر دیا.ریسکیو مردان کے ترجمان بلال جلال نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز مردان ملاکنڈ روڈ پر سری بہلول کے قریب فلائنگ کوچ اور سوزوکی ٹکرانے سے کئی افراد زخمی ہوگئے تھے. ریسکیو1122 مردان کے جوانوں نے 6 شدید زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا تھا. زخمیوں میں لنڈاکی سے تعلق رکھنے والا 40سالہ سیف الرحمن ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس سے ملنے والی نقدی، سونے کا زیور اور دیگر سامان ریسکیو1122 جوانوں نے بطور امانت محفوظ کرلیا. حادثے کے پانچویں روز ریسکیو1122 مردان کے ضلعی آفیسر کمال شاہ نے جاں بحق شخص کی امانت اس کے والد کے حوالے کردی.بزرگ والد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کمال شاہ اور ریسکیو1122 اہلکاروں کی فرض شناسی اور ایمانداری کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور دعا مانگی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے تمام اداروں کو ریسکیو1122 کی طرح بنا دے اور کہا کہ ریسکیو1122 اہلکاروں نے اسلامی احکامات کے مطابق میرے جاں بحق بیٹے کی رقم اور سامان کا بطور امانت خیال رکھ کر مجھے لوٹا دیا.