صحت کارڈ پلس کا اجرا ریاست مدینہ میں عوام کے فلاح و بہبود کی جانب ایک اور قدم ہے، کامران بنگش

پشاور: وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے خیبر پختونخوا کے عوام کے لیئے صحت کارڈ پلس کے اجرا کو ریاست مدینہ میں عوام کی فلاح و بہبود کی جانب ایک اور قدم قرار دیا ہے وہ کہتے ہیں وزیراعظم عمران خان اسی ہفتے سوات سے اس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کرینگے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے ملاکنڈ ڈویژن میں صحت کارڈ پلس کے اجرا پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر سے سوات، ملاکنڈ، دیراور چترال کے عوام کیلئے اس سہولت کا اجرا کیا گیا ہے جس سے علاج معالجے کی مد میں فی خاندان دس لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی جانب اٹھائے جانے والے اس اقدام سے عوام میں مساوات کا بول بالا ہوگا اور ہر متکبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو یکساں سہولیات دی جائیں گی۔کامران بنگش کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی محمود خان کے اس اقدام سے ستر لاکھ خاندانوں کوصحت کی سہولیات میسر ہونگیں اور خیبرپختونخوا کا ڈومیسائل رکھنے والا ہرشخص ملک کے کسی بھی کونے میں اس سہولت سے مستفید ہوسکے گا۔معاون خصوصی نے بتایا کہ رواں ہفتہ، وزیراعظم عمران خان سوات میں صحت سہولت پروگرام کا باقاعدہ آغاز کرینگے۔ معاون خصوصی نے صحت کارڈ پلس کو عوامی فلاح کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جیسے عوام دوست منصوبے کی مثال دنیا کے ترقی پزیر ممالک میں کہیں بھی نہیں ملتی۔