صوبائی وزیرخیبر پختونخوا محمد اقبال وزیر نے شمالی وزیرستان میں ریسکیو1122 کا افتتاح کردیا

شمالی وزیر ستان:صوبائی وزیر براۓ محکمہ ریلیف،بحالی و آباد کاری خیبرپختونخوا محمد اقبال وزیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں قائم ایمرجنسی ریسکیو سروس کے سٹیشن کا ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان اور تحصیلدار غنی وزیر کے ہمراہ ریسکیو1122 سٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج امجد علی داوڑ نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ریسکیو کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ دورے کے موقع پر مہمان گرامی نے مختلف ایمرجنسیز میں استعمال ہونے والے آلات ، ایمبولینس اور فائر ویکل کا معائنہ کیا اور عوامی رابطے کے لیے استعمال ہونے والے کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محمد اقبال وزیر نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو ڈاکٹرخطیراحمد کی قیادت میں ریسکیو نے قلیل وقت میں عوام الناس کو بروقت اور بہترین خدمات فراہم کیں اور لاکھوں افراد کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ ریسکیو1122 کی بہترین کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا دائرہ کار صوبے بھر تک پھیلا یا گیا، ریسکیو کو تمام تر وسائل بھی فراہم کیے جارہے ہیں کیونکہ ریسکیو1122 کا براہ راست تعلق عوام الناس کے ساتھ ہے اور یہ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔ صوبائی وزیر محمد اقبال وزیر نے کہا کہ ریسکیو1122 صوبے بھر میں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے اور ایک مربوط اور منظم طریقے سے ایمرجنسیز کے ساتھ ساتھ اس کے تدارک کے لیے بھی کام کررہاہے، ریسکیو1122 کا ادارہ شب و روز عوام الناس کو خدمات فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔