جنوبی وزیرستان میں 8 نئے پولیس تھانوں کا افتتاح

پشاور:انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے دورہ جنوبی وزیرستان کے موقع پر جنوبی وزیرستان میں آٹھ نئے تعمیر شدہ پولیس اسٹیشنز اعظم ورسک، راغزئی، طوئے خلہ، سرار وغا، مکین، شکئی، سپین وام اور تیارزہ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈی پی او جنوبی وزیرستان نے آئی جی پی کو نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ساﺅتھ عمر بشیر، آر پی او ڈیرہ یاسین فاروق، کمشنر ڈیرہ یحیٰ خان، علاقہ مشران سمیت پاک آرمی اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس ڈھانچے میں پولیس اسٹیشن کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بنیادی یونٹ کو چلانے اور انصاف کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں اس کے عملے کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ حقوق اور فرائض میں توازن پیدا کرنے کے لئے ہمیں عوام کے تعاون سے پولیس کو عوام دوست بنانا ہوگا۔ آئی جی پی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں محکمہ پولیس کے انفرانسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ آئی جی پی نے امید ظاہر کی کہ جنوبی وزیرستان میں نئے تھانوں کا قیام علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور حکومتی رٹ قائم کرنے میں سنگ میل ثابت ہونگے۔پولیس کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ سابقہ لیویز اور خاصہ داروں نے پاک آرمی کے ساتھ ملکر جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دیئے اور بطور فرنٹ لائن فورس نہ صرف علاقے کو دہشتگردوں اور شرپسندوں سے پاک کیا بلکہ ملکی سرحدات کا بھی بھر پور دفاع کیا اور دربار کے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رکھیں اور اپنی کارکردگی اور کاوشوں کے گراف کو مزید آگے لے کر جائیں۔ پولیس دربار میں آئی جی پی نے پولیس جوانوں کو درپیش مسائل سے آگاہی بھی حاصل کی اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کئے۔