باجوڑ میں سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کا پہلا دستہ تربیت حاصل کررہا ہے، میجر ثقلین

باجوڑ:حکومت نے قبائلی اضلاع کا انضمام ملکی مفاد میں کیا، جس سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں اور خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ اور اس کے ثمرات سے قبا ئلی عوام مستفید ہو رہے ہیں۔کورکمانڈر پشاور کی خصوصی ہدایت پر ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو مثالی پولیس فورس بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اس حوالے سےڈی ائی جی ٹریننگ محمد امتیاز شاہ نےضلع باجوڑ کا دورہ کیا اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے پر پولیس جوانوں میں سرٹیفیکٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔دورے کے موقع پر میجر ثقلین نے ڈی آئی جی کو ٹریننگ سنٹر میں سابقہ لیویز اورخا صہ داروں کو دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی کو بتایا گیا کہ 250 اہلکاروں پر مشتمل سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کا پہلا دستہ تین مہینے پر مشتمل تربیت حاصل کررہا ہے جسمیں ٹرینز کی جسمانی فٹنس ،مروجہ پولیس قوانین،بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری پیشہ ورانہ صلاحیتوں جیسے مضامین شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کو زیر تربیت اہلکاروں کے پیشہ ورانہ مہارت کے مظاہرے پیش کیے گئے جس میں اسلحہ کا استعمال ،پی ٹی اور دیگر آپریشنز شامل تھے۔