سردریاب میں سی این جی فلنگ سٹیشن میں دھماکہ تین افراد جان بحق

چارسدہ : پشاور روڈ پر سردریاب میں سی این جی فلنگ سٹیشن میں دھماکہ ،دو خواتین سمیت تین افراد جان بحق ، سات افراد زخمی ۔ جان بحق ہونے والوں میں 15دن کی ایک بچی بھی شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق یار حسین صوابی سے تعلق رکھنے والا بد قسمت خاندان موٹر کار میں چارسدہ سے صوابی جا رہا تھا کہ ڈرائیور نے سردریاب میں سی این جی ڈالنے کے لئے سی این جی پمپ میں گاڑی کھڑی کی اور جونہی سی این جی فلنگ شروع ہو ئی تو موٹر کار کا سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں موٹر کار میں سوار ایک ہی خاندان کے دو خواتین اور ایک بچی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور سمیت سات افراد زخمی ہو گئے جن میں چھ کم عمر بچے بھی شامل ہے۔ جاں بحق ہونے والی ایک بچی کی عمر 15دن بتائی جا تی ہے ۔ واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاروائی شروع کرکے جاں بحق اور زخمیوں کو چارسدہ ہسپتال منتقل کر دیا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں مسماة نسرین زوجہ سفارش خان ، مسماة یاسمین زوجہ اختر نواز ،خولہ دختر سفارش خان جبکہ زخمیوں میں ڈرائیور میر بہاد ر، خالدہ ، شامیہ ، شازیہ ، حسین ، حدیجہ اور ثمن شامل ہے ۔ زخمیوں میں بیشتر تعداد کم عمر بچوں کی ہے ۔