کراچی:بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے نیٹ ورک کا اہم مبینہ رکن گرفتار

کراچی:ایف آئی اے کی طرف سے کراچی میں کی گئی کارروئی میں ’را‘ کا مبینہ جاسوس پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یہ کارروائی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کی طرف سے عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے نیٹ ورک کے لیے کام کرنے والے مبینہ کارندے کو گرفتار کرلیا گیا ، حراست میں لیے گئے ملزم کا نام عبدالجبار بتایا گیا ہے، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہونے کا انکشاف ہوا ، جو کراچی میں بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سلیپر سیل کے لیے کام کررہا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیا گیا ملزم بم تیارکرنے اور جدید ہتھیار چلانے میں مہارت رکھتا ہے ، جب کہ یہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تربیت حاصل کرنے 4 بار بھارت بھی گیا ، جہاں سے کراچی میں اس کو تمام ہدایات بھارتی شہری محمود صدیقی کی طرف سے دی جاتی تھیں ، جب کہ ملزم عبدالجبار اپنے بھارتی ہینڈلر محمود صدیقی کی طرف سے بھیجی گئی حوالہ ہنڈی کی رقم وصول کیا کرتاتھا، جو کہ بعد ازاں شہر قائد میں ہونے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر وارداتوں کے لیے استعمال ہوتی تھی۔