ایف اے ٹی ایف بلیک لسٹ میں جانے کے تمام خدشات ختم ہوگئے، حماد اظہر

لاہور: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کے بد خواہوں کو منہ کی کھاناپڑی ہے ،ایف اے ٹی ایف بلیک لسٹ میں جانے کے تمام خدشات ختم ہوگئے، اجلاس میں پاکستان کی بہتر کارکردگی کا اعتراف کیا گیا، پاکستان نے ایکشن پلان میں 27میں سے 21نکات پرعمل کیا جبکہ باقی 6نکات پر پاکستان کی جزوی کوششوں کو بھی تسلیم کیا گیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اقدامات سے پاکستان کو دنیا میں مہذب اور ذمہ دار ملک کے طو رپر متعارف کرایا ہے ۔ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کے 27نکات میں سے 21پر ایک سال میں عملدرآمد کرنا بڑی کامیابی ہے،پاکستان کے ایف اے ٹی ایف بلیک لسٹ میں جانے کے تمام خدشات ختم ہوگئے، باقی ماندہ 6نکات پر بھی پاکستان کو آسانیاں دینے کی بات کی گئی،ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس آئندہ سال کے وسط میں ہوگا جس میں دوبارہ پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔