پی ڈی ایم کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا ہے، غلام سرور خان

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا ہے، ان کا ایجنڈا ملک دشمنی اور پاک فوج سے بغض ہے، اس دور کی سب سے بڑی برائی پی ڈی ایم سے اللہ ہم سب کو بچائے، ان کے ارادے اور حملوں سے پاک فوج کی محبت غیور عوام کے دلوں سے کم نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع ساگرہ ٹیکسلا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے علاقہ کے لئے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ایم این اے منصور حیات خان اور ایم پی اے عمار مسعود موجود تھے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ اس گیس منصوبے کی فراہمی سے ساگرہ، ڈھوک محمد جان، ڈھوک بابا آزاد، باغوں والی، محلہ مصطفی آباد اور ڈھوک موچیاں کے عوام مستفید ہو سکیں گے، اس علاقے کا دیرینہ مطالبہ آج پایہ تکمیل تک پہنچا اس پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں، بنیادی سہولتوں سے مستفید ہونا آپ کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کا نمائندہ ہو ں یہ ہمارا فرض ہے کہ آپ کو تمام بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں اس کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس پورے علاقے میں گیس، بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ ملک سے پسماندگی اور غربت کے خاتمے کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے، اس علاقے سے ستائیس دفعہ ہمارے گروپ نے الیکشن لڑا اور جیتا یہ آپ کے تعاون سے ممکن ہو سکاہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے مگر وہ ملک دشمن بیانیے کو تو فروغ نہ دیں، بددیانت شخص تین بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں، ان کا ایجنڈا صرف بھارت کو خوش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، وہ ہمارے مستقبل کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلانا ہے، ان کا ایجنڈا ملک دشمنی اور پاک فوج سے بغض ہے، اس دور کی سب سے بڑی برائی پی ڈی ایم سے اللہ ہم سب کو بچائے، ان کے ارادے اور حملوں سے پاک فوج کی محبت غیور عوام کے دلوں سے کم نہیں کر سکتی۔