سندھ پولیس کی کچے میں کارروائی، 7 ڈاکو ہلاک، گولہ بارود برآمد

لاڑکانہ : سندھ کے ضلع لاڑکانہ اور خیرپور ڈسٹرکٹ کی پولیس نے جمعرات کی صبح خیرپور کے کچے کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مقابلے میں سات ملزمان کو ہلاک کر دیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش نے بتایا ہے کہ خیرپور کے کچے کے علاقے کے ٹی ممتاز میں روپوش ڈاکو کا گروہ کافی عرصے سے سرگرم تھا اور سندھ میں اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ایس ایس پی مسعود بنگش کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر انہوں نے خیرپور ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں مقابلے میں سات ملزمان مارے گئے۔مسعود بنگش کے مطابق ہلاک ہونے والے دو ڈاکوئوں اقبال ناریجو اور پٹھان کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ نی10،10 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔ایس ایس پی مسعود بنگش کے مطابق کارروائی کے دوران 4 جی تھری رائفلیں، 2 کلاشنکوفیں، دو اینٹی ایئر کرافٹ گن، راکٹ لانچر اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ پولیس کے مطابق یہ کارروائی جاری ہے۔