صوبائی وزیرتیمورجھگڑا کا قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کا اچانک دورہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال میں تمام وارڈز اور صفائی سمیت صحت سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے اُن کی خیریت دریافت کی اور وہاں دستیاب صحت سہولیات کے حوالے سے بات چیت کے ساتھ ساتھ انہیں درپیش مسائل پر گفتگو کی۔مریضوں اور لواحقین کی جانب سے ہسپتال میں مہیا کی جانے سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے دورے کے موقع پر اسپیشل سیکریٹری صحت ڈاکٹر سید فاروق جمیل اور ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضا اوزگن اور ہسپتال کے ڈائریکٹر بھی وزیر صحت و خزانہ کے ہمراہ تھے۔ہسپتال کے تفصیلی معائنے کے بعد صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس سے مریض بھی مطمئن ہیں۔تیمور جھگڑا نے میڈیکل کمپلیکس کو درپیش چھوٹے مسائل کو ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ملکر جلد حل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور صحت سہولیات میں اضافے سمیت ہسپتال کے تمام مالی اور انتظامی مسائل حل کیے جائیں گے۔