افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، گلبدین حکمت یار

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغان جزب اسلامی کے رہنما انجینئر گلبدین حکمت یار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطےبالخصوص افغان امن عمل کے حوالے سےتبادلہ خیال کیا گیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر گلبدین حکمت یار سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ افغان امن عمل نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان پر امن خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہبی ثقافتی، بھائی چارے اور تاریخی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔افغانستان میں امن خطے کے امن اور ترقی کے لئے اشد ضروری ہے۔پاکستان افغانستان میں امن کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تمام فریقین کو امن کے اس عمل کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔انہوں نے افغانستان میں دیر پا امن کے لئے افغان لیڈرشپ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ افغانستان میں امن سے افغانستان میں ترقی اور خوشحالی کےدور کا آغاز ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کرونا کی صورتحال کے دوران پاکستان نے اپنے افغان بھائیوں کے لئے ٹیرف کی پابندیوں سے ہٹ کر سرحدیں کھولیں اور دو طرفہ تجارت کو آسان بنانے کے پارلیمنٹ کی سطح پر کردار ادا کیا گیا۔ویزا کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے افغانستان کے طلباء اور مریض استفادہ کر سکیں گے۔افغان حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری افغان قوم پاکستان کی طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی کے حوالے سے شکرگزار ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں تمام فریقین کی شرکت اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے دونوں اطراف بسنے والے لوگ آپس میں گہرے مراسم رکھتے ہیں۔انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کی پاک افغان قیادت کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے حوالے سے کردار کی خاص طور پر تعریف کی۔