قبائلی علاقوں میں گیس کے نئے ذخائر کی نشاندہی

شمالی وزیرستان: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے بجلی وتوانائی حمایت اللہ کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں گیس کے نئے ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ذخائر شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موجود ہیں۔ اب تک تین مختلف مقامات کی نشاندہی کر دی گئی ہے جن پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ کے مشیر کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے،اس کی نیلامی کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک کنویں میں گیس اور تیل کی تلاش کے لیے ساڑھے تین کروڑ ڈالر درکار ہیں۔جو صوبہ اپنے بجٹ سے پورا نہیں کر سکتا۔جب کہ چیف ایگزیکٹیو خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی عثمان غنی خٹک نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے سے دو ارب روپے سالانہ آمدن متوقع ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے پر کام سرکاری کمپنی کو دیا جائے۔خیال رہے 24جولائی کو آئل اینڈ گیس ڈیولیپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نئے سانگھڑ کے علاقے میں تیل و گیس کئے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا۔