بھارت پاکستان میں فرقہ واریت کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہا ہے ، شہریار آفریدی

کوئٹہ:کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں فرقہ واریت بڑھانے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہا ہے عوام بلاتحقیق کے پھیلانے والی خبروں توجہ نہ دیں اور نوجوان ترقی کاپختہ عزم کرلیں۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ، انجنئرنگ اینڈ منیجمنت سائنسز(بیوٹمز)میں پیغام پاکستان کے تحت قومی ہم آہنگی کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری دھنیش کمار، وائر چانسلر بیوٹمز احمدفاروق بازئی، ڈاکٹر معصوم یاسین زئی سمیت دیگر بھی موجودتھے۔شہر یار آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے سے دس گناہ بڑے دشمن کا مقابلہ کیاہے اور اب بھارت پاکستان میں فرقہ واریت کو تقویت دینے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنی تقریر میں اعتراف کیا کہ جس کے پاس بہتر ڈیٹا ہوتاہے وہی ترقی کی منازل طے کرتاہے بھارت کسی بھی میدان میں پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتا حتیٰ کہ ان کی فلمیں بھی پاکستانی گلوکاروں کے بغیر ادھوری ہیں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی دنیا کے سامنے ہے، آج انٹر پول کو فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) کا ڈیٹا پاکستان فراہم کررہا ہے ملک کے نوجوان اپنی اہمیت کو پہچان کر مقصد کو آگے بڑھائیں قوم کامستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔قومی ہم آہنگی کی سب سے بہترین مثال اسلام نے چودہ دو سال پہلے قائم کی تھی تمام مقدس کتابیں انسانیت کے احترام کا درس دیتی ہیں اور ملک میں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی بھی احترام انسانیت سے ممکن ہے پاکستان کے نوجوانوں میں وہ جذبہ موجود ہے جس کی بدولت تمام چیلنجوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔