روس سے ایک لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم کی درآمد کی منظوری

اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) کا اجلاس جمعہ کو یہاں کابینہ ڈویڑن میں منعقد ہوا۔ فنانس ڈویڑن سے جاری بیان کے مطابق ای سی سی نے حکومتی سطح پر روس سے ایک لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم کی درآمد کی منظوری دیتے ہوئے تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے خاتمہ کا فیصلہ کیا۔ یہ گندم حکومت کی سطح پر درآمد کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا کہ سرکاری شعبہ میں گندم کا ذخیرہ 5 ملین ٹن ہے جبکہ نجی شعبہ 4 لاکھ 30 ہزار ٹن گندم درآمد کر رہا ہے اور 1.1 ملین ٹن گندم دسمبر 2020 تک درآمد کی جائے گی۔ پبلک سیکٹر میں گندم کی درآمد کے حوالہ سے ٹی سی پی نے 3 لاکھ 30 ہزار ٹن گندم کی درآمد کے لئے ایل سی کھولی ہے جبکہ ٹریڈنگ کارپوریشن 1.2 ملین گندم درآمد کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ مزید برآں حکومت کا حکومت سے گندم درآمد کرنے کے انتظامات کے تحت روس سے ایک لاکھ 80ہزار ٹن گندم درآمد کی جا رہی ہے۔ ای سی سی نے ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے پر سیلز ٹیکس وصول معاف کر دی ہے اور اس حوالہ سے 20 اگست 2020 کو جاری کردہ ایس آر او نمبر 751(1)/2020 میں ترمیم کی بھی منطوری دے دی ہے۔