قبائلی اضلاع میں گھروں کی دوبارہ آبادکاری کے لئے 21 ارب19 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم شدہ پانچ قبائلی اضلاع میں گھروں کی دوبارہ آبادکاری کے لئے 21 ارب19 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کردی گئی۔ یہ رقم حکومت پاکستان کی جانب سے پانچ قبائلی اضلاع جنوبی وزیرستان‘ شمالی وزیرستان‘ اورکزئی ‘ کرم اور خیبر اضلاع میں آپریشن ضرب عضب کے دوران متاثرہ گھروں کی دوبارہ تعمیر و آبادکاری کے لئے فراہم کردی گئی ہے جن میں 95 فیصدقبائلیوں نے بینکوں کے ذریعے اپنی رقوم حاصل کی لی ہیں۔محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری خیبرپختون خواکے مطابق بحالی و دوبارہ آبادکاری یونٹ فاٹا سیکرٹریٹ کے ذریعے پانچ قبائلی اضلاع میں کل 65683 مکانات کی دوبارہ تعمیروآبادکاری کے لیے مجموعی طورپر 21 ارب19 کروڑ روپے کی رقم فراہم کردی گئی ہے۔ محکمہ ریلیف و آبادکاری کے مطابق قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سب سے زیادہ 26892 مکانات کی تعمیر کے لئے 9 ارب55 کروڑ روپے‘ شمالی وزیرستان میں 14345 گھروں کی دوبارہ تعمیر کے لئے 3 ارب74 کروڑ روپے‘ اورکزئی میں 10273 گھروں کے لئے 3 ارب55 کروڑروپے‘ خیبر میں 8694 مکانات کے لئے 2 ارب61 کروڑ روپے جبکہ قبائلی ضلع کرم میں 5479 گھروں کی دوبارہ آبادکاری کے لئے 1 ارب34 کروڑروپے جاری کردیئے گئے ہیں۔