مضمون میں باربارفیل ہونے کیخلاف طالبہ کی رٹ پرنوٹس جاری

پشاور: پشاورہائیکورٹ نے بار بار ایک ہی پرچہ فیل ہونے کیخلاف طالبہ کی دائر درخواست پر وی سی پشاور یونیورسٹی اور متعلقہ مضمون کے پروفیسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرپرچہ لانے کابھی حکم دیدیا۔کیس کی سماعت جسٹس اکرام اللہ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کی،درخواست گزارکے وکیل نے عدالت کوبتایاکہ باقی مضامین میں درخواست گزار کی80 فیصد سے زیادنمبر ہے لیکن ڈویلپمنٹ اکنامکس کے پرچے میں موکلہ کوبار بار فیل کیاجارہاہے باقی مضامین میں اے ون گریڈ اور ایک مضمون میں بار بار فیل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، وکیل درخواست گزارنے کہاکہ متعلقہ مضمون کے پروفیسر غیر اخلاقی ڈیمانڈ نہ ماننے پرایسا کررہے ہیں جس پر جسٹس اکرام اللہ خان نے کہاکہ انٹرویو میں کیا ہوتا ہے ہمیں پتہ ہے ایسے کیسز کو ہم پھر نیب بھیجیں گے اور ان کے خلاف انکوائری ہوگی۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی اور متعلقہ مضمون کے پروفیسر سجاداحمدجان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 11اگست تک ملتوی کردی۔