سگریٹ چھوڑنے اور ورزش کرنے کے حیران کن نتائج ، کیا واقعی انسان کی عمر لمبی ہوجاتی ہے؟

اسلام آباد : سگریٹ نوشی کی عادت ترک کرنے اور باقاعدگی کے ساتھ ورزش کرنے کے حیران کن نتائج۔ دائمی امراض میں مبتلا ہونے کے باوجود روزانہ ورزش کرنے اور سگریٹ نوشی کی عادت ترک کرنے سے آپ کی مدت حیات میں 8 سال تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سائنسدانوں کی جانب سے ایک حیران کن تحقیق کی گئی ہے جس کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ صحت بخش سرگرمیوں سے کس طرح انسان کی مدت حیات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔موت ایک اٹل حقیقت ہے اور جو اس دنیا میں آیا ہے اس نے ایک دن مر ہی جانا ہے، لیکن ایک صحت مند زندگی ہر انسان کا خواب ہوتی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ باقاعدگی کے ساتھ ورزش کرتے ہیں اور صحت بخش متوازن غذا کا استعمال کرتے ہیں وہ باقیوں کی نسبت تقریباََ 8 سال زیادہ جیتے ہیں۔برطانوی یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی نہ کرنے والوں کے مقابلے میں سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کی زندگی کی مدت 5 سے 6 سال کم ہوتی ہے۔یونیورسٹی نے تقریباََ 5 لاکھ نوجوانوں پر تحقیق کی جس کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ موذی امراض کے شکار افراد بھی صحت بخش طرز زندگی اپنا کر اپنی مدت حیات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ سگریٹ نوشی نہ کرنا، باقاعدگی کے ساتھ ورزش کرنا، متوازن غذا لینا اور الکوحل کا استعمال ترک کرنا یہ وہ عادات ہیں جو صحت کو حیران کن طور پر فروغ دیتی ہیں۔