صحت سہولت کارڈ قبائلی عوام کیلئے موجودہ حکومت کا تحفہ ہے اجمل خان وزیر

پشاور : وزیراعلی کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و ترجمان پختونخواہ حکومت اجمل خان وزیر نے صحت انصاف کارڈ کے حوالے سے قبائلی عوام کیلئے منعقدہ آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار اینڈویجوئیل لینڈ اور کمیونیکیشن ریسرچ سٹریجی کے اشتراک سے قبائلی عوام کو صحت کارڈ بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا تھا۔ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و ترجمان پختونخواہ حکومت اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ صحت سہولت کارڈ قبائلی عوام کیلئے موجودہ حکومت کا تحفہ ہے، صحت سہولت کارڈ ہر قبائلی خاندان کا حق ہے اور باجوڑ سے لیکر وزیرستان تک ہر خاندان کو یہ کارڈ ملے گا ۔ اجمل خان وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ قبائلی خاندانوں کو گھر کی دہلیز پر مہیا ہوگا اور یہ کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی محمود خان سے خود قبائلی عوام کیلئے یہ حق مانگا ہے ۔ اس کارڈ سے قبائلی خاندانوں کی صحت کی مد میں خرچ ہونے والے پیسوں کی بچت ہوگی اور ان کی معیشت میں بہتری آئیگی ۔ وزیراعلٰی کے مشیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ قبائلی عوام پچھلے کئی سالوں سے بنیادی حقوق کی جنگ لڑ رہے تھے،عمران خان اور اسکی ٹیم نے قبائلی عوام کو اپیل، دلیل و وکیل کا حق دیا ۔ اجمل خان وزیر نے واضح کیا کہ صحت سہولت کارڈ کسی سیاسی امتیاز پر نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر تقسیم ہورہاہے اور قبائلی علاقے کا ہر خاندان اس کا حقدار ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعلٰی محمود خان کے توسط سے صحت انصاف کارڈ کے بعد دوسرا مرحلہ روزگار کی فراہمی کا ہے اس مد میں پچاس سال کی عمر تک کے افراد کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے ایک ارب روپے پہلے سے مختص کیے گئے ہیں ۔