پاک فوج کے جوانوں نے خوا زہ خیلہ پل مرمت کرکے آمدورفت کے لیے کھول دی

پشاور : پاک فوج نے خوازہ خیلہ مین شاہراہ پر ڈکوراک کے مقام پر شکستہ پل کی راتوں رات تعمیر نو مکمل کرکے اسے اگلے دن ٹریفک کیلئے بحال کر دیا ہے جس کی بدولت مقامی لوگوں اور سیاحوں کا بڑا مسئلہ حل ہو گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق خوازہ خیلہ کی مین شاہراہ پر ڈکوراک کے قریب سٹیل پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا جس کے باعث مقامی لوگوں کے علاوہ ٹریفک کی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔اہل علاقہ نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر اپیل کی جس کا پاک فوج نے نوٹس لیتے ہوئے فوری سروے کیا اور اگلے ہی روز پاک فوج کے 30 انجینئر جوانوں کا دستہ پل کی مرمت کیلئے روانہ کیا گیا چونکہ سیاحتی سیزن کی وجہ سے اس شاہراہ پر عموماً ٹریفک کا رش رہتا ہے اس لئے تعمیراتی کام رات کو شروع اور ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی مرمت پوری رات مکمل کی گئی جسے بدھ کو مکمل طور پر ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا۔ پاک فوج کے انجینئرز نے یہ بھی یقین دلایا کہ عالم گنج کے مقام پر خراب پل پر 2 دن میں کام شروع کیا جائے گا، علاقے کے عوام نے پاک آرمی کے اس اقدام کو خوب سراہا اور شکریہ ادا کیا ہے۔