عامر خان کی ترک خاتون اول سے ملاقات ، بھارتی آپے سے باہر

استبول:بالی وڈ اسٹار عامرخان کی ترک خاتون اول سے ملاقات، بھارتی شہری آگ بگولہ ہو گئے۔ فلمسٹار عامر خان اپنی آئندہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ کی غرض سے ان دنوں ترکی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ امینہ اردوان کے ساتھ ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار عامر خان اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ترکی میں موجود بالی وڈ اسٹار کی ترک خاتون اول کے ساتھ وائرل تصاویر نے بھارتی شہریوں کو سیخ پا کر دیا ہے۔ فلمسٹار نے استبول میں ترک خاتون اول امینہ اردوان سے ملاقات کی جس پر ترک خاتون اول نے ایک ٹوئیٹ کی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرس ہو گئیں۔تصاویر وائرل ہونے کے بعد انتہاپسند بھارتیوں نے ایک بار پھر مسلمان بھارتی اداکارعامر خان کو نشانے پر لے لیا ہے۔بھارت میں سوشل میڈیا صارفین عامر خان کو وطن دشمن قرار دے رہے ہیں۔ انتہا پسند بھارتیوں کا کہنا ہے کہ عامر خان پاکستان کے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جہاں فلمسٹار کو شدید تنقید کا سامنا ہے وہاں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ان کی اس ملاقات کے حوالے سے مثبت باتیں کررہے ہیں اور اس معاملے کو غلط رنگ دینے والوں کے الزامات کو خواہ مخواہ کی بحث قرار دے رہے ہیں۔بھارتی فلمسٹار سے ملاقات کے بعد ترک خاتون اول نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے تصاویر شیئر کیں۔ ٹوئیٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ مجھے عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار عامرخان سے استنبول میں ملاقات کرکے بڑی خوشی ہوئی ہے اور میں اس بات پر بھی بہت خوش ہوں کہ عامر خان نے اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کی بقیہ شوٹنگ ترکی میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔