بھارتی فلم ’ سڑک 2 ‘ کا گانا پاکستانی گانے کا چربہ نکلا

ممبئی : عالیہ کی فلم ’سڑک 2‘ کا گانا پاکستانی گانے کا چربہ نکلا، پاکستانی فنکار جوجی(شہزان سلیم) نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کی نئی فلم ’سڑک 2‘ میں شامل ’عشق کمال‘ گانا انکے گانے کا چربہ ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کا دعویٰ کرنے والی بولی وڈ انڈسٹری میں کئی سالوں سے متعدد فلموں میں پاکستانی گانوں کو شامل کئے جانے کی روایت چلی آ رہی ہے تاہم بعض فلموں میں شامل کچھ گانوں کو پاکستانی گانوں کی کاپی کرکے بھی شامل کیا جاتا ہے۔بولی وڈ کی متعدد فلموں میں شامل کیے گئے پاکستانی گانوں کو اجازت کے ساتھ شامل کیا جاتا ہے تاہم کچھ فلم ساز پاکستانی موسیقی کے انداز کو چراکر اس کی نقل بناکر بھی اپنی فلموں میں شامل کرتے ہیں۔اور ایسا ہی کچھ معروف فلم ساز مہیش بھٹ نے بھی اپنی آنے والی فلم سڑک ٹو میں کیا۔ مہیش بھٹ کی آنے والی رومانٹک تھرلر فلم سڑک ٹو کو رواں ماہ 28 اگست کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا جائے گا اور دو دن قبل ہی فلم کا پہلا ٹریلر جاری کیا گیا تھا، جس کے سامنے آتے ہی فلم پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔پاکستانی فنکار جوجی کے نام سے مشہور شہزان سلیم نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کی نئی فلم ’سڑک 2‘ میں شامل ’عشق کمال‘ گانا ان کے گانے کا چربہ ہے۔فلم ’سڑک 2‘ کا ٹریلر دو روز قبل ریلیز کیا گیا تھا جس پر ویسے ہی مداحوں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔فلم ساز پر اقربا پروری کے الزامات اپنی جگہ لیکن سڑک ٹو کا ٹریلر سامنے آتے ہی ایک پاکستانی میوزک موسیقار نے دعویٰ کیا کہ مہیش بھٹ کی آنے والی فلم میں شامل مرکزی گانے کی موسیقی ان کے 9 سال قبل ریلیز کیے گئے گانے کی کاپی ہے۔شیزان سلیم نے بتایا کہ انہوں نے سڑک ٹو کا مکمل ٹریلر تک نہیں دیکھا مگر جیسے ہی انہوں نے فلم کے گانے ’عشق کمال‘ کو سنا تو انہوں نے اپنے پرانے گانے کو دوبارہ سنا اور پھر انہیں احساس ہوا کہ بولی وڈ فلم میں ان کے گانے کی میوزک چراکر گانا بنایا گیا۔