ایپل نے ٹک ٹاک کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کردی ، رپورٹ

اسلام آباد:معروف کمپنی ایپل نے بھی ٹک ٹاک کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کردی، رپورٹ کے مطابق گوگل، فیس بک اور مائکروسافٹ کے بعد اب موبائل فون بنانے والی معروف کمپنی آئی فون نے ٹک ٹاک کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ‘بائٹ ڈانس’ پر اس کی معروف ویڈیو ایپلی کیشن ‘ٹک ٹاک’ کو فروخت کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ ٹک ٹاک کو 15 ستمبر تک امریکی کمپنی کو فروخت کیا جائے ورنہ وہ قومی سلامتی کی بنیادوں پر ٹک ٹاک پر 15 ستمبر کو امریکا میں پابندی عائد کر دیں گے۔ا س حوالے سے مائیکرو سافٹ نے ٹک ٹاک کی امریکا سمیت چند ممالک میں کام کرنے والی شاخوں کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے بائٹ ڈانس سے اس کے مذاکرات کی تصدیق بھی گزشتہ دنوں کی گئی۔اب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ معروف کمپنی ایپل بھی ٹک ٹاک کو خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ایکسیوس کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ ایپل ان متعدد کمپنیوں میں سے ایک ہے جو ٹک ٹاک جیسی مقبول سوشل میڈیا ایپ کو خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ ایپل کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا مگر بلومبرگ کے رپورٹرز نے ٹوئٹس میں بتایا کہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے اندر ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے بات چیت نہیں ہورہی اور وہ معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے مطالبہ کیا ہے کہ چینی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو اگر کوئی امریکی کمپنی خریدتی ہے، تو اس کی آمدنی کا اچھا خاصا حصہ امریکی حکومت کو ملنا چاہیے۔ امریکی کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ پہلے ہی ٹک ٹاک خریدنے کے لیے اس کی مالک چینی کمپنی سے مذاکرات کر رہی ہے۔ لیکن صدر ٹرمپ کے ٹک ٹاک سے متعلق سخت موقف نے بظاہر ان مذاکرات کو پیچیدہ کر دیا ہے۔